ایشیاءکپ ہمیں نیوٹرل وینیو پر کروانا پڑے گا:احسان مانی
لاہور(سپورٹس لنک رپوٹ ) چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایشیاء کپ ہمیں نیوٹرل وینیو پر کروانا پڑیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو پاکستان لانے کے لیے ماضی میں ہرکھلاڑی کو 25،25 ہزارڈالرز ادا کیے گئے تاہم آج پی سی بی نے کسی غیرملکی پلیئر کو پاکستان آنے کے لیے اضافی قیمت ادا نہیں کی۔
احسان مانی نے کہا کہ ایشیاء کپ کا میزبان پاکستان ہی ہے تاہم ایشیاء کپ ہمیں نیوٹرل وینیو پر کروانا پڑے گا، اگرایشیا کپ کی میزبانی پاکستان میں کروانے کی ضد رکھی تو بھارت نہیں آئے گا، بھارتی کرکٹ بورڈ جو مرضی کہے ہمیں اس کی پروا نہیں جب کہ پی ٹی وی کے پاس براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے زیادہ صلاحیت نہیں ہے۔واضح رہے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے مسلسل انکار کرتی رہی تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر اور آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی معاونت کے بعد بنگلادیش نے پاکستان آنے میں رضامندی ظاہر کی جس پرسابق کپتان راشد لطیف نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایشیاء کپ کی میزبانی کے حوالے سے ڈیل ہوئی ہے اور اب ایشیاء کپ پاکستان میں نہیں ہوگا۔