لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹر حسن علی کی پتنگ اڑانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد فاسٹ بولر نے معافی مانگ لی۔چند روز قبل فاسٹ بولر حسن علی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ چھت پر کھڑے پتنگ اڑاتے دکھائی دے رہے تھے۔حسن علی کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حسن علی نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئےایک ویڈیو پیغام شیئر کیا۔حسن علی نے اپنے پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ‘سوشل میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا پر میرے حوالے سے ایک ویڈیو چلائی جا رہی اور کہا جا رہا ہے کہ میں پتنگ بازی کر رہا ہوں’۔فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ ‘سب سے پہلی بات یہ ہے کہ یہ ویڈیو پرانی ہے، میں کوئی پتنگ بازی نہیں کر رہا، میں اپنے گھر میں بھی نہیں تھا اپنے گاؤں گیا ہوا تھا اور وہاں ایک کٹی ہوئی پتنگ آرہی تھی جسے میں پکڑ کے اتار رہا تھا‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر پھر بھی آپ کو ایسا لگتا ہے کہ میں خلاف ورزی کی ہے تو میں معافی چاہتا ہوں، اور میرا ہرگز پتنگ بازی کرنے کا موڈ نہیں ہے، میں ایک کرکٹر ہوں کوئی پتنگ باز نہیں ہوں‘۔