دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ کی گورننگ باڈی (آئی سی سی )ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے شیڈول پر نظر ثانی کیلئے تیار ہے جب کہ ایک آئی سی سی بورڈ رکن کا دعویٰ ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تبدیل شدہ صورتحال میں کچھ سیریز کے التواء یا منسوخی پر بھی غور شروع ہو گیا ہے ۔ یاد رہے کہ شائقین رواں برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی قسمت کا فیصلہ جاننے کے منتظر ہیں لیکن آئی سی سی حکام کو آسٹریلیا میں شیڈول میگا ایونٹ کے ساتھ ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن کی فکر بھی لاحق ہے
جس کی کورونا وائرس کے سبب ری شیڈولنگ لازمی ہو گئی ہے جس کے تحت کچھ ٹیسٹ سیریز وقت کی کمی کے باعث ملتوی یا منسوخ بھی کی جا سکتی ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں آئی سی سی آفیشل کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بیشتر ممالک کیلئے باہمی سیریز کی ذمہ داریاں پوری کرنا کٹھن ترین کام ہو چکا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ اجلاسوں کے دوران اس پہلو پرغور کیا جاتا رہا ہے لیکن متاثر ہونے والے ایف ٹی پی پروگرام پر اجتماعی فیصلے کی ضرورت ہے کیوں کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران تمام تر پلاننگ ٹھکانے لگ چکی اور تمام ممالک باہمی طور پر ہی اس کا کوئی مؤثر حل نکال سکتے ہیں۔