لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق پاکستانی سپنر ثقلین مشتاق نے انکشاف کیا کہ ورلڈ کپ 99ء کے دوران فیملی ساتھ رکھنے پر پابندی کے باوجود انہوں نے اپنی بیگم کو ہوٹل روم کی الماری میں چھپا کر اپنے ساتھ رکھا تھا۔ثقلین مشتاق نے حال ہی میں ایک بھارتی میزبان کو انٹرویو کے دوران ماضی کی ایک خوبصورت یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ 1999ء کے ورلڈ کپ کے دوران اُن کی اہلیہ بھی اُن کے ساتھ ہوٹل روم میں مقیم تھیں، کرکٹ بورڈ کی جانب سے اچانک یہ فیصلہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ فیملی رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔
ثقلین مشتاق نے مزید نے بتایا کہ انہیں بورڈ کا یہ فیصلہ بالکل پسند نہیں آیا تھا اور اُنہوں نے سب سے چھپ کر پورے ورلڈ کپ کے دوران اپنی بیگم کو اپنے ساتھ ہی ہوٹل روم میں رکھا تھا۔ثقلین مشتاق نے بتایا کہ کچھ جاسوس بھی چھوڑے گئے جو کھلاڑیوں کے روم میں آتے جاتے رہتے تھے اور نظر رکھتے تھے کہ کھلاڑی کیا کر رہے ہیں ۔ ثقلین نے بتایا کہ ایک دن میرے کمرے میں اظہر محمود اور یوسف اس حوالے سے بات کرنے آئے، اُن کے اصرار پر میں نے اپنی بیوی سے باہر آنے کو کہا اور وہ الماری سے باہر آ گئی، وہ کافی وقت سے اندر الماری میں بند تھی۔