سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ،پاکستان ٹیم 21ستمبر کو پرتگال روانہ ہوگی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سوکا فٹبال ٹیم سکس اے سائیڈ سوکا ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پُرتگال کے شہر لسبن روانہ ہورہی ہے ۔ پاکستانی دستہ 21ستمبر کی سہہ پہر کراچی سے دبئی کیلئے روانہ ہوگا ۔ جہاں سے میڈرڈ، اسپین کیلئے فلائٹ لی جائے گی ۔ میڈرڈ پہنچنے کے بعد براستہ بس لسبن پہنچے گی۔ جہاں سوکا ورلڈ کپ کے میگا ایونٹ کے افتتاحی ایڈیشن کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ٹیم منیجر زیب خان کے مطابق جملہ ٹیم آفیشلز اور کھلاڑیوں کی سفری دستاویزات مکمل ہوگئی ہیں اور ٹیم کی پوری توجہ ایونٹ پر مرکوز ہیں اور ہر کھلاڑیوں اپنی صلاحیتوں کے مطابق جوہر دکھانے کیلئے بے چین ہے۔ ٹیم منیجرزیب خان ماضی میں کے الیکٹرک کی اس ٹیم کے منیجر تھے جو پاکستان پریمئر لیگ کا ٹائٹل جیتنے والی کراچی کی پہلی ٹیم تھی۔ زیب خان نے بتایا کہ ٹیم نے اس ایونٹ کیلئے بھرپور تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور ان دنوں پریکٹس میچز میں اپنی شاندار کارکردگی سے ماہرین کو بیحد متاثر کیا ہے۔ٹیم کراچی پہنچ چکی ہے اور کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پر پریکٹس میچز کھیلنے کے ساتھ کھلاڑیوں کے حوصلے بڑے بلند ہیں۔زیب خان نے مزید بتایا کہ پاکستان ٹیم ایک ایسے ایونٹ کا حصہ بننے جارہی ہے جہاں دنیائے فٹبال کی عظیم ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔پاکستان کیلئے اس ایونٹ کا حصہ بننا ہی کسی اعزاز سے کم نہیں۔32ممالک کی ٹیموں پر مشتمل اس تاریخی اور یادگار ایونٹ میں پاکستان گروپ ’بی‘ میں اسپین، مالڈوا اور رشیا کے ساتھ موجود ہے۔ فتح و شکست سے قطع نظر پاکستانی کھلاڑیوں کو ماڈرن فٹبال کا بھرپور تجربہ حاصل ہوگا۔32ٹیموں کو 4,4کے 8گروپ میں رکھا گیا ہے اور ہر گروپ میں موجود اپنے گروپ کی تمام ٹیموں سے سنگل لیگ کی بنیاد پر باہم مقابل ہوگی۔ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔بعدازاں مزید کامیابی حاصل کرنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنلز ، سیمی فائنلز اور فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنائیں گی۔ 23ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل 29ستمبر کو کھیلا جائے گا۔رواں سال ماہ جولائی میںکراچی کے بلوچ مجاہد اسٹیڈیم ، ابراہیم حیدری پر لیثررلیگس پاکستان نے ایل ایل پی نیشنل چمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کیا تھا جہاں کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، قلعہ سیف اﷲ، مردان، پشاور، اسلام آباد اور لاہور کی ٹیموں نے بحیثیت سٹی چمپئن شرکت کی۔ جنہیں 4,4کے 2گروپ میں تقسیم کیا گیا۔گروپ ’اے‘ سے کراچی اور کوئٹہ جبکہ گروپ ’بی‘ سے لاہور اور پشاور کی ٹیمیں سیمی فائنل میں اپنی نشست کومحفوظ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔ پہلے سیمی فائنل میں پشاور نے کراچی اور دوسرے سیمی فائنل میں لاہور نے کوئٹہ کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کی۔فائنل میں لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو(آئی کین اینڈ ول ) نے فائنل میں ٹائی بریکر پرفتح اپنے نام کرکے پُرتگال کا ٹکٹ حاصل کیا۔ پاکستان کے 15رکنی ٹیم میں لاہور کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کے علاوہ سیمی فائنل کھیلنے والی کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے ایک ایک کھلاڑی کے علاوہ ایک اسٹریٹ چلڈرن کو فائنل اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔پاکستان ٹیم قیادت آفاق احمد کریں گے دیگر کھلاڑیوں میں حافظ محمد ولید، عمر جاوید، حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود، عامر اقبال گوندل، عبدالحنان جاوید، زیبی اﷲ خان، محمد زبیر عادل، (لاہور) ، محمد عالمگیر (پشاور)، محمد کاشف(کوئٹہ)، ظفر خان (کراچی) ، سمیر احمد (اسٹریٹ چائلڈ) جبکہ آفیشلز میں طارق لطفی، کوچ، زیب خان (ٹیم منیجر)، شہروز رضوی (اسسٹنٹ منیجر) اور محمد آصف میڈیا منیجر شامل ہیں۔

error: Content is protected !!