نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی تو تصدیق کر دی لیکن بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی ٹیم کے دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ کے حق میں نہیں ہیں۔یاد رہے کہ تقریباً چار مہینے تک کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد گزشتہ ہفتے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کے ساتھ بحال ہو چکی ہیں۔ویسٹ انڈین ٹیم 8 جولائی کو شروع ہونے والے ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ پہنچنے پر 14 روز تک قرنطینہ میں رہی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کو دسمبر اور جنوری میں آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے جہاں اسے 4 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔ بھارتی بورڈ نے بھی اب اس دورے کی تصدیق کر دی ہے۔
تاہم، بھارتی بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی دو ہفتے کھلاڑیوں کو کمروں تک محدود رکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔سارو گنگولی کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈین ٹیم کو 14 روز تک کمروں میں بند رکھنے کے خلاف ہیں اور کہتے ہیں کہ ویسٹ انڈین ٹیم کا 14 دن قرنطینہ میں رہنا مایوس کن تھا۔
سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ ایک جگہ اتنے دن رہنا آسان نہیں، آسٹریلیا میں بھارتی ٹیم کا قرنطینہ کا دورانیہ کم سے کم دنوں کا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیریز ٹف ہوگی کیونکہ آسٹریلین ٹیم ماضی کی نسبت زیادہ مضبوط ہے۔