کراچی/حیدرآباد(سپورٹس لنک رپورٹ)سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ کے تمام 6 ڈویژن میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کی ہدایت پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور تمام ڈویژنل اولمپک کمیٹیز کے اشتراک سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔ سینئر نائب صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال اور صدر سندھ بیس بال ایسوسی ایشن انجینئر محمد محسن خان نے مہم کا افتتاح کیا۔
انہوں نے چیئرمین یوسی 22 گلشن اقبال ٹاؤن عبد السلام اور سیکریٹری یوتھ کمیشن زارا خان فاروقی کے ہمراہ کراچی میں ابتدائی پودے لگائے۔ اس موقع پر انہوں نے سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر پودے لگائے جانے کے عمل کا معائنہ کیا۔پہلے مرحلے پر جوہر پارک بلاک 13- A ، گلشنِ اقبال کے مقامات پر پودے لگائے گئے اور پاکستان کے استحکام، کوویڈ 19 کے خاتمے اور پاکستان میں بیس بال اور دیگر کھیلوں کے دوبارہ آغاز کے لئے دُعا کی گئی۔
دوسری طرف حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر تمام ڈویژنز میں بھی کووآرڈینیٹر پرویز احمد شیخ کی نگرانی میں سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کی ہدایات پر شجرکاری مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ سینیٹر اسپورٹس جرنلسٹ محمد قمرخان، حیدرآباد اولمپک کمیٹی کے صدر خرم رفیع صدیقی،سیکریٹری پرویز احمد شیخ، بیس بال کے انچارج سیکریٹری محی الدین شیخ، رمیز راجہ، عمران خان
سید عدنان اور دیگر عہدیداران نے نہ صرف پودے لگائے بلکہ مختلف مقامات پر سو سے زائد پودوں کے لگائے جانے کا عمل دیکھا۔اس ضمن میں انہیں سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر انجینیئر محمد محسن خان، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، اسپورٹس فار لائف کے سی ای او شہزاد قاضی اور دیگر ایسوسی ایشنز کا تعاون حاصل رہا۔