ممبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)انڈین پریمیئر لیگ کے آغاز پر منسوخی کے بادل منڈلانے لگے، آئی پی ایل فرنچائز چنائی سپر کنگز سے وابستہ ایک اور کھلاڑی راتو راج گائیکواڈ کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت اگیا۔ اس سے قبل بھارتی فاسٹ بائولر دیپک چاہر سمیت چنائی سپر کنگز کے دستے میں شامل کم از کم 10 ارکان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس بات کی تصدیق اس وقت ہوئی جب ٹیم ہوٹل میں سپر کنگز سکواڈ اور معاون عملہ کے ٹیسٹ لیے گئے۔
آئی پی ایل کے کوویڈ 19 پروٹوکول کے مطابق تمام ٹیموں کو متحدہ عرب امارات میں لینڈنگ کے بعد ہوائی اڈے پر ٹیسٹ کرنا تھا ، اسکے بعد ٹیم ہوٹل میں چھ دن کے وقفے سے متعلق لازمی طور پر یکم ، 3 اور 5 دن کے تین ٹیسٹ کروائے گئے تھے۔
سپر کنگز دستہ کے مثبت نتائج تیسرے دور کے ٹیسٹ سے تھے جو 5 ویں روز کئے گئے تھے۔ چنائی سپر کنگز نے اب ٹیم ہوٹل میں اپنے قرنطینہ کی مدت میں توسیع کردی ہے اور اپنے تربیتی سیشنوں کا آغاز ملتوی کردیا ہے جو جمعہ کو شروع ہونا تھا کیونکہ سکواڈ 21 اگست کو دبئی پہنچا تھا۔
یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یو اے ای کے 3 مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیںگے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائیگا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیںگے۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم از کم 3 مئی 2020ء تک جاری رہیگا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔ 2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا۔ واضح رہے کہ 2014ء میں ہندوستان میں انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا آدھا سیزن یو اے ای منتقل ہوگیا تھا یوں متحدہ عرب امارات اس سے قبل 2014ء میں آئی پی ایل کے میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔
آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم سب سے زیادہ 4 مرتبہ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جو راجستھان رائلز نے جیتا تھا۔ شین واٹسن راجستھان رائلز کی قیادت کی تھی۔ لیگ میں اب تک بھارت کے ویرات کوہلی 5412 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بائولر لاستھ مالنگا نے 170 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ حاصل کی ہیں۔