لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کو بھارت کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے قائم ٹریول ایڈوائزری کو بنیاد بنا کر پاکستان آنے سے روک دیا گیا۔زمبابوے کرکٹ ٹیم آج صبح تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کےلیے اسلام آباد پہنچی، اسکواڈ کے ہمراہ ہیڈ کوچ لال چند راجپوت نہیں تھے۔زمبابوے کرکٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت دورہ پاکستان میں شامل نہیں ہیں
زمبابوے کرکٹ نے لال چند راجپوت کی عدم دستیابی میں قائم مقام کوچ کا تقرر کر دیا ہے۔ہرارے میں بھارتی سفارتخانے نے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کو پاکستان نہ لے کر جانے کے لیے خط لکھا جس میں کہا گیا تھا کہ لال چند راجپوت بھارتی نیشنل ہیں، انہیں بھارتی حکومت کی سفری گائیڈ لائنز کے مطابق ٹور میں شامل نہ کیا جائے۔دوسری جانب زمبابوے کرکٹ نے بالنگ کوچ ڈوگلس ہونڈو کو اضافی ذمہ داریاں دیتے ہوئے سیریز کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کر دیا، ہرارے میں پاکستان کی ایمبیسی نے لال چند راجپوت کو ویزہ جاری کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کے ویزے کے لیے پی سی بی نے تمام تر سفری کلئیرنس کے دستاویزات زمبابوے کرکٹ کو بھی مہیا کی تھیں۔واضح رہے کہ لال چند راجپوت بھارت کی جانب سے دو ٹیسٹ اور چار ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں جبکہ کوچنگ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔