کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ کےآخری روز آغا سلمان کی 42 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز نے سدرن پنجاب کو بلوچستان کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔سدرن پنجاب کی یہ ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ میچ کےآخری روز سدرن پنجاب نے 154 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سیف بدر نے 37 اور عمر صدیق نے 22 رنز بنائے۔ بلوچستان کے یاسر شاہ نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل 41 رنز کے سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی پوری ٹیم112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اسپنرزاہد محمود نے میچ میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔میچ کی پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کی ٹیم بلوچستان کے 372 رنز کے جواب میں 331 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں سندھ اور خیبرپختونخوا کے درمیان کھیلا گیا چار روزہ فرسٹ کلاس میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ رواں سیزن میں یہ پہلا فرسٹ کلاس میچ ہے جو ڈرا ہواہے۔میچ کے آخری روز سندھ نے کے پی کو جیت کے لیے 289 رنز کا ہدف دیاتھا کہ کے پی کی ٹیم کھیل کے اختتام پر7وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز ہی بناسکی۔اسپنر عاشق علی نےدوسری اننگز چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے میچ میں کُل 11 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل 54 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم نے میچ کے آخری روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کپتان سرفراز احمد نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ اسد شفیق 72 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔خالد عثمان اور ساجد خان نے میچ میں 5،5 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگزمیں سندھ کے 361 رنز کے جواب میں کے پی کی پوری ٹیم 307 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے اختتام پر سدرن پنجاب کی ٹیم 50 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں 32، 32 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ناردرن 28 اور کے پی 11 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ 6 پوائنٹس حاصل کرنے والی دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کی ٹیم کا فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر ہے۔