نیپئر(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز ہارنے پر مایوسی ہے، میزبان ٹیم نے اپنے وسائل رہتے ہیں ہوئے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا، ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے صلاحیتوں میں نکھارلانے کی ضرورت ہےاور جتنی جلدی ہم ان شعبوں میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لیے بہتر ہوگا کیونکہ 2021 مصروف ترین سال ہے اور اس سال ہمیں 2 بڑے ایونٹس میں بھی شرکت کرنی ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، ہمارے پاس تجربہ کار فاسٹ باؤلرز اور بیٹسمین موجود ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم طویل طرز کی کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔
مصباح الحق نے کہا کہ بلاشبہ پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز کے موقع پر بابراعظم کی انجری کو تقریباََدو ہفتے گزر چکے ہوں گے تاہم نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کے لیے واپسی ان کے اور ٹیم دونوں کے لیےایک سخت فیصلہ ہوگا، مجھے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ:
محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد ،شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف۔ بابراعظم اور امام الحق انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔
پاکستان شاہینز کا اسکواڈ:
روحیل نذیر (کپتان، وکٹ کیپر)، حیدر علی،ذیشان ملک، عماد بٹ، ظفر گوہر، دانش عزیز، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر،وہاب ریاض، موسیٰ خان اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔
شیڈول:
چھبیس تا تیس دسمبر:پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ بمقام ماؤنٹ منگنوئی
ستائیس دسمبر: پاکستان شاہینز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ ناردرن نائٹس بمقام ہملٹن
انتیس دسمبر: پاکستان شاہینز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ ویلنگٹن فائر برڈزبمقام ویلنگٹن
یکم جنوری: پاکستان شاہینز کا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ کینٹر بری بمقام لنکن
تین تا سات جنوری: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ، بمقام کرائسٹ چرچ
تین جنوری: پاکستان شاہینز کا چوتھا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون، بمقام لنکن
پانچ جنوری: پاکستان شاہینز کا پانچواں ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون، بمقام لنکن
پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 7 جنوری جبکہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ 9 جنوری کو پاکستان روانہ ہوگا۔