کرائسٹ چرچ(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔ ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان تین جنوری سے ہیگلے اوول میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔
کرائسٹ چرچ پہنچنے پر بابراعظم نے گزشتہ روز مکمل نیٹ سیشن کیا تاہم نیٹ کے دوران انہوں نے اپنے ہاتھ کے انگوٹھے میں ہلکا درد محسوس کیا۔
دو جنوری کو کرائسٹ چرچ میں بارش کے باعث بابر اعظم قومی ٹیم کے نیٹ سیشن کے دوران بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکے، لہٰذا ٹیم منیجمنٹ نے کوئی بھی خطرہ مول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
ڈاکٹر سہیل سلیم، ڈاکٹر قومی کرکٹ ٹیم:
ڈاکٹر قومی کرکٹ ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی انجری میں بہتری واضح ہے، انہوں نے گزشتہ روز باقاعدہ نیٹ سیشن میں حصہ لیا ہے۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ بابر اعظم قومی ٹیم کے کپتان اور اہم ترین بیٹسمین ہیں، لہٰذا ہم کوئی جلد بازی نہیں کریں گے۔
ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ میڈیکل ٹیم بابر اعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ہمیں مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ:
محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، سرفراز احمد، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، ظفر گوہر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف۔ بابر اعظم اور شاداب انجری کا شکار ہیں۔