لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے گجرات چیمبر آف کامرس کے وفد نے جمعۃ المبارک کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی جس میں گجرات میں سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،وفد کی قیادت چیئرمین سپورٹس کمیٹی گجرات چیمبر آف کامرس آصف نواز وڑائچ نے کی، وفد میںسینئر نائب صدر و ممبر سپورٹس کمیٹی حسن عادل اورسابق صدر و ممبر سپورٹس کمیٹی عدنان اقبال اور ممبر کمیٹی علی مرتضی بھی شامل تھے، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ بھی موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نجی شعبہ سے مل کر سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے کام کررہا ہے، نجی شعبہ اس سلسلے میں اپنا بھرپورکردار ادا کررہا ہے، کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی اور نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے اہم اقدامات کررہے ہیں
ہر ماہ ایک چیمپئن شپ منعقد کررہے ہیں جس سے کھلاڑیوں کی نئی کھیپ تیار ہورہی ہے، گجرات میں سپورٹس کے فروغ اور ترقی کیلئے گجرات چیمبر آف کامرس سے مل کر کام کریں گے،گجرات چیمبر آف کامرس ڈپٹی کمشنر گجرات سے مل کر سوئمنگ پول کے حوالے سے بات کریں تاکہ سوئمنگ کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے ،گجرات چیمبر آف کامرس سے سپورٹس انفراسٹرکچر کیلئے بھی تعاون کریں گے،گجرات چیمبر آف کامرس گجرات میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی سہولیات سے استفادہ کرسکتا ہے،گجرات چیمبر آف کامرس سے سپورٹس انفراسٹرکچر بنانے کے لئے تکنیکی معاونت بھی فراہم کریں گے
گجرات میں مستقبل میں ہونیوالے سپورٹس ایونٹس پر بھی بات چیت کی گئی، چیئرمین سپورٹس کمیٹی گجرات چیمبر آف کامرس آصف نواز وڑائچ نے کہا کہ گجرات میں کبڈی ورلڈ کپ کے میچز کرانے پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجا ب عدنان ارشد اولکھ کے مشکور ہیں، گجرات میں انٹرنیشنل ایونٹ منعقد کرانے سے سپورٹس کو فروغ ملا ہے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کو بھرپور فروغ دے رہا ہے جس پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجا ب عدنان ارشد اولکھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔