پاکستان سپر لیگ 6،چیمپئن کا فیصلہ آج ہوگا

اختر علی خان
پاکستان سپر لیگ 6 جو کراچی سے شروع ہو کر اب دبئی میں آج رات پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گی کا چیمپئن کون بنے گا ؟یہ وہ سوال ہے جو اس وقت شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں موجود ہے کیونکہ جہاں پشاور زلمی کی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ چوتھی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے وہاں پر ملتان سلطانز کی ٹیم نے بھی اچانک اٹھتے ہوئے تمام ٹیموں کو روند کر فائنل میں پہلی بار جگہ بنائی ہے

پشاور زلمی اس وقت پاکستان سپر لیگ کی واحد ٹیم ہے جو چوتھی مرتبہ فائنل کھیلے گی اس قبل پشاور زلمی کی ٹیم تین بار فائنل میں پہنچ چکی ہے جس میں اسے ایک بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا، پشاور زلمی نے 2017 کے ایڈیشن میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو 58 رنز سے شکست دیکر پہلی بار ٹرافی اٹھائی تھی اس کامیابی کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم 2018 اور پھر 2019 دونوں بار فائنل تک پہنچی مگر 2018 میں اسے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے تین وکٹوں سے اور پھر 2019 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے اسے آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر جیت سے محروم کیا، اب تیسری بار پھر پشاور زلمی فائنل میں آج ملتان سلطانز کا مقابلہ کریگی اور دیکھنا ہے کہ کیا پشاور زلمی دوسری بار ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں ، اگر جاری ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ اس ٹیم نے اب تک بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور ایک پروفیشنل ٹیم کی طرح مدمقابل ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا ہے

پشاور زلمی نے پی ایس ایل 6 میں فائنل تک قبل تک پشاور زلمی کا ریکارڈ ففٹی ففٹی رہا ہے، پلے آف مرحلے سے قبل لیگ کے کھیلے گئے دس میچوں میں اس نے پانچ جیتے اور پانچ میچ ہارے تاہم دوسرے ایلمنیٹر میں جس کی طرح کی کارکردگی پشاور زلمی کی ٹیم نے دکھائی ہے وہ بہرحال ملتان سلطانز کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے، پشاور زلمی کی اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے حضرت اللہ ززائی متبادل کھلاڑی کے طور پر ابوظہبی میچوں میں ٹیم کا حصہ بنے تھے اور اپنے چوتھے ہی میچ میں 44 گیندوں پر 66 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی اسی طرح جاناتھن ویلز بھی اس میچ سے قبل آئیسولیشن میں تھے اور انہوں نے میچ سے قبل نیٹ میں اضافی وقت بھی گزارا اور اس کا فائدہ یہ ہوا کہ انہوں نے بھی 55 رنز بناکر ٹیم کی کشتی کو پار لگا دیا

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 126 رنز کی شراکت ہوئی ، پشاور زلمی کی ٹیم میں ان کے علاوہ تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک اور وہاب ریاض بھی موجود ہیں جو میچوں کے دبائو میں ٹیم کا حوصلہ بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، دوسری جانب اگر ملتان سلطانز کی ٹیم کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو بلاشبہ اس نے پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے مگر اس سفر کے دوران اس کے کھلاڑیوںنے خود کو فائنل کھیلنے کا حقدار ثابت کیا ہے، ملتان سلطانز کی ٹیم نے لیگ میچ میں کھیلے گئے دس میں سے پانچ میچ جیتے تھے، ان کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو ٹیم کے کپتان محمد رضوان بہترین فارم میں ہیں اور ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اسی طرح فاسٹ بائولر شاہنواز دھانی جو اس وقت پاکستان سپر لیگ 6 کے ٹاپ بائولر ہیں کی کارکردگی نے سب کو حیران کر رکھا ہے اگر دونوں ٹیموں کا موزانہ کیا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ جوڑ برابر کا ہے اور شائقین کرکٹ کو آج فائنل میں سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، اس حوالے سے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف جیت کے بعد کہا کہ فائنل تک رسائی کا سفر بہت مشکل تھا مگر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور بالآخر ہم نے فائنل تک رسائی حاصل کی

میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ تمام ٹورنامنٹ کے دوران ہمارے مداحوں نے بہترین انداز سے ہمیں سپورٹ کیا ہے جس کیلئے میں ان کا شکر گزار ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ابھی سفر ختم نہیں ہوا ایک فائنل میچ ابھی باقی ہے اور ہم نے وہ جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کی ٹیم انتہائی سخت حریف ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کھلاڑی ایک دن آرام کے بعد جب فائنل کیلئے میدان میں اتریں گے تو مجھے یقین ہے کہ وہ تازہ ہو کر ملتان سلطانز کی ٹیم کا مقابلہ کریں گے ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں شائقین کو سنسنی خیز کرکٹ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ادھر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ہماری ٹیم نے پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے

تاہم میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور سمجھتا ہوں کہ ٹیم فائنل میں پشاور زلمی جیسے سخت حریف کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائے گی انہوں نے کہاکہ ہم یہاں سے ٹرافی جیت کر واپس جانا چاہتے ہیں اور اس کیلئے مکمل منصوبہ بندی کرلی ہے، انہوں نے کہاکہ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور فائنل دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا، ادھر پاکستان سپر لیگ کے 9 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ بلاشبہ لیگ کا ٹاپ بائولر بننے سے اعتماد پیدا ہوتا ہے اور اچھی کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملتا ہے، جس طرح میں نے لیگ کے میچوں میں کارکردگی دکھائی ہے کوشش ہو گی کہ اس سے بڑھ کر اپنی ٹیم کیلئے فائنل میں کارکردگی دکھائوں، شاہنواز دھانی جو جاری لیگ میں سب سے کم عمر کرکٹر ہیں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے بہت حوصلہ افزائی کی ہے اور بالخصوص کپتان محمد رضوان نے بہت حوصلہ بڑھایا ہے امید ہے کہ ہماری ٹیم اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل جیت جائے گی۔

تعارف: newseditor