چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آئندہ آئی سی سی مینز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے سکواڈ کا اعلان کر دیا جو 17 اکتوبر سے ہونا ہے۔ یہی ٹیم اس ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی اور بعد میں انگلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹونٹی کھیلے گی۔
بابر اعظم، شاداب خان، آصف علی، اعظم خان، حارث روف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، شاہین آفریدی اور صہیب مقصود ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل ہیں جب کہ شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور فخر زمان ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز 17 ستمبر سے شروع ہوگی۔ اس سے پہلے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (ورلڈ کپ) کے لیے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف بولنگ اور بیٹنگ لائن اپ میں مختلف کمبی نیشن آزمانے کے لیے پرعزم ہے۔
کرکٹ بورڈ 7 ٹی 20 میچوں کے دوران کمبی نیشن کے اپنے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اس کے پاس متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے میگا ایونٹ سے پہلے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں 20 کھلاڑیوں نے جگہ بنائی ہے۔