دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو یکطرفہ میچ میں 55رنز سے ہرا کر نیشنل ٹی ٹونٹی میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ فاتح ٹیم کو اب تک ایونٹ میں صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ 5 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ خیبرپختونخوا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 203 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہی بناسکی۔اسپنر آصف آفریدی نے چار اوورز میں 8 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ارشد اقبال نے 3 اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بلوچستان کے صرف چار بیٹرز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ مڈل آرڈر بیٹر سہیل اخترناٹ آؤٹ 61رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ اوپنر عبداللہ شفیق 24 ، عمید آصف 17 اور حارث سہیل 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
گزشتہ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے عبدالواحد بنگلزئی خیبرپختونخوا کے خلاف صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بسم اللہ خان 5، محمد محسن 3، عماد بٹ 1، کاشف بھٹی 8 اور خرم شہزاد نے ایک اسکور بنائے۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا نے بلوچستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 3 اوورز میں 11 رنز پر مشتمل محتاط آغاز کے باوجود خیبرپختونخوا کی ٹیم صاحبزادہ فرحان کے 43 اور محمد رضوان کے 40 رنز کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ بنانے میں کامیاب رہی۔ان دونوں بیٹرز کی اننگز میں پانچ پانچ چوکے اور ایک ایک چھکا شامل تھا۔
پاؤر ہٹرزآصف آفریدی، افتخار احمد، مصد ق احمد اور عادل امین نے اننگز کے اختتامی اوورز میں جارحانہ انداز اپنایا۔ افتخار احمد نے 18 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔آصف آفریدی نے چار گیندوں پر 2 چھکے اور ایک چوکے کی بدولت 16 رنز بنائے۔ عادل امین 13 گیندوں پر 26 اور مصدق احمد 9 گیندوں پر 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کاشف بھٹی نے 2 جبکہ عماد بٹ، خرم شہزاد اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیبرپختونخوا کے آصف آفریدی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔