ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں جاری میچ میں ناردرن نے 7 وکٹوں کے نقصان پر368 رنز کے جواب میں 5 رنز پر سندھ کی ابتدائی تین وکٹیں گر چکی ہیں۔ فراز علی 1 اور سعد خان صفر کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔اس سے قبل ناردرن کے ابتدائی پانچ بیٹرز نے نصف سنچریاں بنائیں۔ اوپنر عبدالفصیح 82 رنز بناکر ٹاپ اسکور ر رہے۔ سرمد حمید 68، محمد حریرہ 55، فیضان ریاض 52 اور عمر وحید 50 رنز بناکر آؤ ٹ ہوئے۔ غلام مدثر نے 3 جبکہ محمد اصغر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ کے پہلے روز سدرن پنجاب کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے۔ اوپنروقار حسین 84 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کے علاوہ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے سدرن پنجاب کے باقی تین بیٹرز زین عباس نے 39، محمد عمیر 28 اور عمر صدیق 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔خیبرپختونخوا کے ساجد خان نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کے پی نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنالیے ہیں۔ وقار احمد 43 رنز بناکر آؤٹ ہوچکے۔ محسن خان 28 اور ذوہیب خان ایک کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔
اُدھر رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں جاری میچ کے پہلے روز سینٹرل پنجاب کے 9 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز کے جواب میں بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنائے ہیں۔ عمران بٹ 9 اور عبدالحنان صفر کے انفراد ی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سینٹرل پنجاب کے عمران ڈوگر نے 22 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 143 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے رضوان حسین کے ہمراہ 155 رنز کی شراکت قائم کی۔ رضوان حسین 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ طبریز بٹ نے 56 اور علی شان 54 رنز بنائے۔ طارق جمیل اور حیات اللہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔