کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کا تیسرا روز فارورڈ کے نام رہا، مجموعی طور پر چار میچز میں ہونے والے 33 گول نے مختلف کلبز کی چیمپئن شپ کے لئے کی جانے والی تیاری کی پول کھول دی، حنیف خان الیون نے عمران خان کی شاندار اور چیمپئن شپ کی تیز ترین ہیٹرک کے باعث الصغیر ہاکی کلب وائٹس کو ایک درجن سے زائد گول سے چاروں شانے چت کردینے، پہلی بار کلب چیمپئن شپ کھیلنے والی حبیبینز ہاکی کلب نے کراچی کے قدیم ہاکی کلب میں شمار ہونے والی ایئرپورٹ ہاکی کلب کو نصف درجن گول سے شکست کا مزہ چکھا نے میں کامیاب رہی، یوتھ ہاکی کلب نے اسپارٹن ایچ سی کو 0-6 سے زیر کیا، سی ہاکس کلب نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی فٹنس کو 3-4 سے شکست دیدی
تفصیلات کے مطابق کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کا تیسرا روز فاروڈ کے نام رہا، مجموعی طور پر ہونے والے 33 گول نے انٹر کلبز چیمپئن شپ کے لئے مختلف کلبز کی تیاری کا پول کھولنے کے ساتھ کلبز ہاکی میں ڈیفنس کی کمزوری کی بھی نشان دہی کردی، اسپورٹس کمپلیکس میں جاری میچز کے مشاہدے کے دوران پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین نے ایونٹ میں شریک کلبز کے آفیشلز کو سخت محنت کرنے اور کمزوریوں پر کام کرنے کی ہدایت کی ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کی بحالی کا واحد حل کلب ہاکی پر توجہ دینا ہے۔
تیسرے روز کھیلے جانے والے چیمپیئن شپ کے آٹھویں میچ میں حبیبینز ایچ سی نے ایئر پورٹ ایچ سی کو 1-6 سے زیر کیا، فاتح ٹیم کے سید حیدر علی نے مخالف کے گول پوسٹ میں صرف پانچ منٹ کے دوران مسلسل تین بار گیند پھینک کر چیمپیئن شپ کی تیسری ہیٹرک کا اعزاز اپنے نام کیا، حیدر علی نے کھیل کے 21ویں، 23ویں اور 25ویں منٹ میں گول کئے، فاتح ٹیم کے محمد اسفند علی 18 ویں، شاداب 33ویں اور محتشم رضا کھیل کے 37 ویں منٹ میں گول کرنے میں کامیاب رہے، ایئرپورٹ کلب کا واحد گول حماد احمد نے کیا،
چیمپئن شپ کے دوران کھیلے جانے والے نویں میچ میں سی ہاکس کلب نے کراچی فٹنس کلب کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دیدی، کھیل کے چوتھے اور اٹھویں منٹ میں فاتح ٹیم کے عاصم بشیر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-2 صفر کی برتری دلادی تاہم کراچی فٹنس کلب کے عبدالسلام اور عزیر احمد نے 13ویں اور 16ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا، سی ہاکس کے فارورڈ نعمت اللہ نے انیسویں منٹ میں گیند مخالف کے گول پوسٹ میں پھینک کر اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلادی، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 2-3 کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف کے اٹھارویں منٹ میں کراچی فٹنس کے محمد عادل نے گول کرکے مقابلہ ایک بار پھر 3-3 سے برابر کردیا تاہم سی ہاکس کلب نے ہمت نہیں ہاری بہترین ٹیم ایونٹ کھیل کے باعث نعمت اللہ نے 32 ویں منٹ میں ایک بار پھر گول کرکے اپنی ٹیم کو 3-4 سے فیصلہ کن برتری دلادی،
حنیف خان الیون اور الصغیر ایچ سی وائٹس کے درمیان کھیلا جانے والا چیمپیئن شپ کا دسواں میچ یکطرفہ ثابت ہوا، حنیف الیون نے عمران خان، زوہیب خان، اور سمیر حسین کے بہترین کھیل کے باعث الصغیر وائٹس کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا، حنیف الیون نے 0-13 گول سے مخالف کو شکست دیکر اب تک چیمپیئن شپ کے کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا، فاتح ٹیم کے عمران خان نے چار منٹ 45 سیکنڈ میں تین گول کرکے چیمپئن شپ کی تیز ترین ہیٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا، فاتح ٹیم کے زوہیب خان نے 16ویں اور 17ویں منٹ میں مسلسل دو گول، سمیر حسین نے 34ویں اور 35 ویں منٹ میں تیز رفتار دو گول، جبکہ رضوان خان کھیل کے دوسرے منٹ، خالد جونیئر 18ویں منٹ، اسد قریشی 23ویں منٹ، کاشف جواد 26ویں، محمد علی 27ویں اور عرفان طاہر نے کھیل کے 29ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی 13 گول سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، الصغیر کلب وائٹس کوئی گول نہ کرسکی،
چوتھے روز کھیلے جانے والے چیمپیئن شپ کے گیارہویں میچ میں یوتھ ہاکی کلب اورنج نے اسپارٹن ایچ سی کو 0-6 صفر سے شکست دیدی، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 0-2 سے برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں فاتح ٹیم نے اسپارٹن کلب کو کھیل میں واپس انے کا کوئی موقع دیئے بغیر مزید چار گول کرکے اپنی پوزیشن 0-6 سے مستحکم کرلی، فاتح ٹیم کے عبدالوہاب نے چوتھے، نویں اور تینتیسویں منٹ میں گول کرکے ایونٹ کی پانچویں ہیٹرک اپنے نام کی، یوتھ کلب اورنج کی جانب سے کھیل کے دسویں، 17ویں اور 23 ویں منٹ میں وارث نصیر، عمر بن الیاس اور شاہ زیب عرب نے ایک ایک گول کرکے کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا،