مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔ دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم کے تقریباً تمام ہی اہم بولرز نے اس پریکٹس میچ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بولنگ میں اپنی نمایاں کارکردگی پیش کی۔شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤف نے دو دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناسکی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمرون ہیٹمیئر 28، کیرون پولارڈ 23 اور کرس گیل 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
قومی ٹیم نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز کے ہدف 16ویں اوور میں پورا کرلیا۔ قومی کپتان بابر اعظم نے پریکٹس میچ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور نصف سنچری اسکور کر ڈالی۔
فخر زمان نے 24 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان نے 13 رنز بنائے اور شعیب ملک 14 رنز پر ناقابلِ شکست رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہیڈن والش نے 2 جبکہ روی رامپال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کرتے۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ سے مدمقابل ہوگی۔
ٹیم پاکستان مشن ٹی 20 کا آغاز 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ سے کرے گی۔