پشاور( سپورٹس رپورٹر) خواتین عالمی دن کے موقع پر رسہ کشی مقابلے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج منڈان بنوں میں منعقد ہوئے جس میں منڈا ن ٹائیگرز نے گرین سٹارز کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر بنوں عظمت علی شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ ان کے ہمراہ میڈمسرت پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج منڈا ن ، حبیب اﷲ خان چیف انسکٹرفزیکل ایجوکیشن اور رحمان آفریدی بیڈمنٹن کوچ بنوں ، صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے صدر تاج محمد خان ،ٹیکنیکل آفیشل اعجاز محمد ، عتیق الرحمان ، اقبال حسین ، عزیر محمد اور محمد علی سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے تعاون سے خواتین کے عالمی دن کے مناسبت سے گرلز رسہ کشی مقابلے گرلز ڈگری کالج منڈان میں منعقد ہوئے جس میں آٹھ کالجز کی ٹیموں نے حصہ لیا ،پہلے سیمی فائنل میں گرین سٹار ز نے شاہین سٹارز کو دو ایک سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں منڈان ٹائیگرز نے شائننگ سٹارز کو تین صفر سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ جبکہ فائنل میں منڈان ٹائیگرز نے گرین سٹارز کو دو صفر سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ آخر میں مہمان خصوصی نے تمام فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے صدر تاج محمد نے ڈایریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کو سراہا انہوں نے کہا کہ صوبائی رسہ کشی ایسوسی نے گزشتہ آٹھ مہینوں میں ریکارڈ 23 ،مقابلے منعقد کرائے جس سے صوبے میں رسہ کشی کھیل کو فروغ ملے گا۔