بھارت میں قتل ہونے والے برطانوی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی سندیپ سنگھ سندھو کے قتل میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں 3 اہم سازشیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سندیپ برطانیہ سے بھارت پہنچے تھے جہاں انہیں ایک کبڈی ٹورنامنٹ کا آرگنائز کرنا تھا، جبکہ وہ اس سے قبل ہی قتل کردیے گئے تھے۔ اس حوالے سے بھارتی ریاست پنجاب کی پولیس نے بتایا کہ انہوں نے اس قتل میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق اس قتل کی سازش کرنے والے 3 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے جن میں سے ایک سنور ڈھلیئن ہیں جو اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں۔ اسی طرح پولیس نے بتایا کہ دیگر دو افراد کینیڈا اور ملائیشیا میں رہائش پذیر ہیں۔ گرفتار ملزمان میں سے ایک شخص نے پولیس کو بتایا کہ سنور ڈھلیئن نے اونٹاریو میں نیشنل کبڈی فیڈریشن بنائی ہے جبکہ وہ پلیئرز کو اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہ ہیں کہ وہ ان کی فیڈریشن کا حصہ بنیں۔