ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ عید کا اپنا مزہ ہے کیونکہ کورونا وائرس کی پابندیاں ختم ہو چکی ہیں، ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ کا خیال رکھنا ضروری نہیں ہے اس لیے پابندیوں کے بغیر شاپنگ کی، مزہ آ گیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی نے کہا کہ 2020 اور 2021 میں بہت زیادہ کورونا تھا، لاک ڈائون تھا ، پابندیاں بہت زیادہ تھیں، اس لیے مارکیٹس میں آنا جانا نہیں تھا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ کورونا میں کمی آئی ہے اور کمی آنے کی وجہ سے اب پہلے جیسی پابندیاں نہیں رہیں اس لیے کھل کر گھوم پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ عید پر شاپنگ کا بھی بہت مزہ آیا ہے، بچوں کے ساتھ شاپنگ کر کے انجوائے کیا ہے لیکن میرا پھر بھی پیغام ہے کہ ہمیں احتیاط کرنی چاہیے تاکہ ہم خوشیاں پابندیوں کے بغیر منانے کا سلسلہ جاری رکھیں۔عابد علی نے کہا کہ بچپن اور پروفیشنل لائف کی عید کا بہت فرق ہے ، پہلے والدین ہمارے لیے شاپنگ کر کے آتے تھے، ہمیں ساتھ لے جاتے تھے ہمیں عیدی ملا کرتی تھی لیکن اب اس کے برعکس ہے اب ہمیں بچوں کو شاپنگ کے لیے لے جانا پڑتا ہے اور ہمیں عیدی دینا پڑتی ہے لیکن پھر بھی بہت مزہ آتا ہے، عید ہی خوشیاں منانے کا نام ہے جتنی منائیں کم ہے۔