انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن (IBSF) کے ورلڈ سنوکر چیمپئن احسن رمضان نے امریکہ کے احمد علی السید کو 3-1 سے شکست دے کر ورلڈ گیمز میں فاتحانہ آغاز کیا۔
ملٹی سپورٹس ورلڈ گیمز کا 11 واں ایڈیشن، غیر اولمپک کھیلوں کا ایک بین الاقوامی ایونٹ، برمنگھم، الاباما، ریاستہائے متحدہ امریکہ میں کھیلا جا رہا ہے۔یاد رہے پاکستان کے احسن رمضان اس ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔
اپنے ابتدائی میچ، راؤنڈ آف 16 میں، احسن نے صرف ایک فریم چھوڑ کر اپنے حریف کو آؤٹ کلاس کیا۔نوجوان پاکستانی کیوئسٹ نے پہلا فریم 73-31 سے جیت کر ابتدائی برتری حاصل کی لیکن امریکی کھلاڑی نے دوسرے فریم میں واپسی کرتے ہوئے 58-49 کے فریم اسکور کے ساتھ میچ برابر کردیا۔
تاہم، وہ احسن کی دوڑ کو نہ روک سکے کیونکہ 16 سالہ پاکستانی نے تیسرا فریم 100-34 سے جیتنے کے لیے 66 کا بریک کھیلا اور 74-53 کے اسکور کے ساتھ بیسٹ آف فائیو فریم کا چوتھا فریم جیت لیا۔اس فتح کے ساتھ اب احسن نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اب وہ 15 جولائی کو کا وائی چیونگ بمقابلہ وین براؤن کے مقابلے کے فاتح سے ملیں گے۔