سری لنکا نے پراباتھ جے سوریا اور رمیش مینڈس کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 246 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔گال میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 89 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق اور بابر اعظم وکٹ پر موجود تھے۔سری لنکا کو میچ کے پانچویں دن کے آغاز میں ہی کامیابی مل گئی اور امام 49 رنز بنانے کے بعد رمیش مینڈس کو وکٹ دے بیٹھے۔
پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے آغا سلمان کا بھی وکٹ پر قیام چھ گیندوں تک محدود رہا اور وہ 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔سری لنکا کو دن کی سب سے بڑی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد ملی جب کپتان بابر اعظم کچھ دیر قبل سلپ میں کیچ چھوٹنے کے باوجود 81 رنز بنانے کے بعد جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے جبکہ محمد نواز بھی صرف 12 رنز بنا سکے۔
205 رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد یاسر شاہ کا ساتھ دینے حسن علی آئے اور دونوں نے چند جارحانہ شاٹس لگا کر آٹھویں وکٹ کے لیے 38 کی شراکت قائم کی، لیکن جے سوریا نے 27 رنز بنانے والے لیگ اسپنر کو آؤٹ کر کے اننگز میں پانچواں شکار کیا۔حسن علی سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ اگلے ہی اور میں 11 رنز بنانے کے بعد مینڈس کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔
سری لنکا کو آخری وکٹ کے حصول میں بھی زیادہ دیر نہ لگی اور 261 کے مجموعی اسکور پر نسیم شاہ 18 رنز بنانے کے بعد مینڈس کی وکٹ بن گئے۔سری لنکا کی جانب سے جے سوریا نے 5 اور مینڈس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا نے میچ میں 246 رنز سے کامیابی سمیٹنے کے ساتھ ہی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔