قومی کرکٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سکواڈ میں ان کی جگہ نہیں بنتی۔ باغ سٹالینز کے آئیکن پلیئر کامران اکمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کیلیے شائقین کرکٹ بہت پرجوش دکھائی دے رہے ہیں،کے پی ایل کا سوچاہے، اس ایونٹ میں اچھی کرکٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کے معیار کو بہتر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر اننگز میں70، 80 رنز بنانا آسان نہیں کیونکہ کرکٹ باتوں سے نہیں کھیلی جاتی، اچھی کرکٹ کھیلنے کے لیے گرانڈ میں محنت درکار ہوتی ہے۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بارے میں نہیں سوچا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ میں میری جگہ نہیں بنتی، رضوان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی میں کوئی نہیں لے سکتا، اب اگر کوئی وکٹ کیپر بلے باز ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا تو بطور اسپیشلسٹ بلے باز ہی کھیلے گا۔ کامران اکمل نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں یاری دوستی پر اسکواڈ منتخب نہیں کرنا چاہیے، اس میں آسٹریلیا کی کنڈیشنز کے لحاظ سے میرٹ پر اسکواڈ منتخب کرنا چاہیے۔