کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت کی ٹیم سری لنکا میں جاری سہ ملکی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے، مین آف دی میچ روہت شرما نے 89 رنز بنا کر بھارت کو فائنل میں پہنچا دیا، بنگلہ دیش کیخلاف 17 رنز سے کامیابی میں واشنگٹن سندر کی تین وکٹوں کا بھی اہم کردار رہا۔آر پریماداسا سٹیڈیم میں بنگلا دیشی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈ میں اترنے کا فیصلہ کیا تو بھارتی کپتان روہت شرما اور شیکھر نے ابتدائی دس اوورز میں 70 رنز سمیٹ کر اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کردیا۔ شیکھر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز بنا کر روبیل حسین کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے لیکن نصف سنچری مکمل کرنے والے روہت شرما نے سریش رائنا کے ساتھ دوسری وکٹ پر 102 رنز کی شراکت قائم کر کے پوزیشن کو مضبوط تر کردیا۔ سریش رائنا نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے اور روہت شرما نے رن آؤٹ ہونے سے قبل 89 رنز کو پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں سے سجایا اور بھارتی ٹیم تین وکٹوں پر 176 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بنگلا دیشی میڈیم پیسر روبیل حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کو تمیم اقبال کے 27 رنز کے باوجود 61 رنز پر چار وکٹوں سے محرومی کا سامنا رہا جس کے بعد مشفق الرحیم اور 27 رنز بنانے والے صابر رحمن نے 65 رنز کا اضافہ کیا لیکن ان کی کاوش فتح کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔ مشفق الرحیم نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 72 رنز بنائے جبکہ مہدی حسن میراز سات رنز ہی بنا سکے ۔ بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔