ایشیا کپ : عالمی نمبر ایک پاکستانی ٹیم کل پہلے میچ میں نیپال کے خلاف مدمقابل
• افتتاحی میچ ملتان میں کھیلا جائے گا۔ نیپال کی پہلی بار ایشیا کپ میں شرکت
ملتان 29 اگست، 2023:ء
ایشیا کپ 2023 کا انتظار ختم ہوا چاہتاہے اور بدھ کے روز عالمی نمبر ایک پاکستان کرکٹ ٹیم افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوگی۔
ایشیا کپ کا آغاز ملتان سے ہورہا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ ملتان کسی کانٹی نینٹل ٹورنامنٹ کے میچ کی میزبانی کررہا ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل ہورہی ہیں۔ نیپال کی ٹیم پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے رہی ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے بارے میں خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس میچ کے موقع پر ایک زبردست ماحول ہوگا اور شائقین کی بہت بڑی تعداد اس میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوگی۔
میچ سے قبل افتتاحی تقریب ہوگی اور میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریزگزشتہ سال جون میں کھیلی تھی جو اس نے تین صفر سے جیتی تھی۔
پاکستان ٹیم اس گراؤنڈ پر دس میں سے سات ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔
پاکستان ٹیم31 اگست کو سری لنکا روانہ ہوگی جہاں وہ دو ستمبر کو کینڈی میں انڈیا کے خلاف گروپ اے کا دوسرا میچ کھیلے گی۔کینڈی گروپ اے کے تیسرے میچ کی میزبانی بھی کرے گا جو انڈیا اور نیپال کے درمیان چار ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان اسکواڈ: بابراعظم ( کپتان ) ،شاداب خان ( نائب کپتان ) ،عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخرزمان، حارث رؤف، افتخار احمد، امام الحق، محمد حارث ( وکٹ کیپر )، محمد نواز، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر۔ ٹریولنگ ریزرو: طیب طاہر۔