پورا ایشیاء کپ پاکستان میں ہوتا تو اچھا ہوتا ; کپتان بابراعظم.

 

 

کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ملتان کے پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنے کی انہیں خوشی ہے اور ہم سب ملتان سے ایشیا کپ کی ابتدا ہونے پر بہت خوش ہیں۔

 

بابراعظم نے ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر نیپال کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انکی اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے نیپال میں کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔نیپال کی ٹیم سے مقابلہ اچھا رہے گا۔

 

پاکستان ٹیم ایک ایسے وقت میں ایشیا کپ کا آغاز کررہی ہے جب گزشتہ دنوں اس نےافغانستان کو تین صفر سے وائٹ واش کرکے ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔پاکستان ٹیم دوسری مرتبہ عالمی نمبر ایک بنی ہے وہ اس ورلڈ کپ سائیکل میں اکتیس میں سے بائیس میچ جیت چکی ہے۔

 

پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی تینوں فارمیٹس میں اچھی رہی ہے۔ اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو دو سے برابر کھیلی ون ڈے سیریز چار ایک سے جیتی۔ اور پھر سری لنکا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچ جیتے اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔

 

بابراعظم کا عالمی نمبر ایک بننے کے بعد اضافی دباؤ کے بارے میں کہنا ہے کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ دباؤ ہوگا بلکہ ہم اس ٹورنامنٹ کا آغاز اعتماد سے کریں گے۔ اس ٹیم نے پچھلے کچھ برسوں سے سخت محنت اور کوششوں سے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔

یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے ہم ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں۔آنے والے مہینے بہت دلچسپ اور مقابلے والے ہیں اور ہم اپنے ملک کے لیے اچھا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ہر کھلاڑی اپنے ملک کے لیے جیتنا چاہتا ہے اور تمام کھلاڑی سخت اور مشکل حالات میں بھی بہترین صلاحیتیں دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ پچھلے چند ماہ بہت اچھے گزرے ہیں اور یہ وقت اس تسلسل کو جاری رکھنے کا ہے۔

 

 

error: Content is protected !!