پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق بلے باز سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کنسلٹنٹ ممبر مقرر کرنے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی برطرف کر دیا ہے جب کہ ان کی جگہ اسد شفیق کو کمیٹی کا ممبر تعینات کیا گیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ میں سلمان بٹ کو بطور اپنا کنسلٹنٹ ممبر مقرر کرنے کا اپنا فیصلہ واپس لے رہا ہوں اس حوالے سے سلمان بٹ سے پہلے ہی بات کی جا چکی ہے۔ میں نے سلمان بٹ سے کہہ دیا ہے کہ آپ میری ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ میڈیا ہاؤسز اور لوگ پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں، چونکہ ہم ذکا اشرف کی سربراہی میں شفاف طریقے سے کام کر رہے ہیں اس لیے میں بورڈ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے ان لوگوں کا انتخاب کرنے کی اجازت دی جن کے ساتھ میں کام کرنا چاہتا ہوں۔
بورڈ نے جمعہ کو سابق کرکٹرز سلمان بٹ، کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم کو وہاب ریاض کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں وہاب ریاض نے واضح کیا کہ سلمان بٹ کی تقرری صرف ان کا فیصلہ تھا لیکن وہ پروپیگنڈے کی وجہ سے اسے منسوخ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ کی برطرفی کے لیے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ سلمان بٹ کی تقرری کا فیصلہ بھی میں نے خود کیا تھا اور اسے منسوخ بھی خود ہی کر رہا ہوں۔
وہاب ریاض نے پریس کانفرنس کے دوران بھارتی کرکٹ کی مثالیں پیش کیں جہاں اظہر الدین اور اجے جڈیجا جیسے کھلاڑیوں نے کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہمارے پاس محمد اظہر الدین اور اجے جڈیجا کی مثالیں موجود ہیں۔ وہ اب کرکٹ کے شعبے میں بدستور کام کر رہے ہیں اور ان کے خلاف تو کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی۔
اظہر الدین بھارتی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں اور جڈیجا ورلڈ کپ میں افغانستان کے بیٹنگ کنسلٹنٹ تھے۔
پریس کانفرنس کے دوران سابق بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اور قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے ٹیسٹ بلے باز اسد شفیق کو کمیٹی میں شامل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔