نیشنل ٹی ٹوئنٹی سپر 8 : پشاور، لاہور وائٹس اور راولپنڈی کی کامیابی

 

نیشنل ٹی ٹوئنٹی سپر 8 : پشاور، لاہور وائٹس اور راولپنڈی کی کامیابی

یاسر خان کی سنچری، افتخار احمد کی آل راؤنڈ کارکردگی

کراچی 2 دسمبر،2023:ء

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر 8 مرحلے کے دوسرے روز کھیلے گئے میچوں میں پشاور، لاہور وائٹس اور راولپنڈی نے کامیابی حاصل کرلی۔ آج کے روز کا آخری میچ ایبٹ آباد اور سیالکوٹ کے درمیان رات 8 بجے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ان میچوں کی خاص بات راولپنڈی کے یاسر خان کی سنچری اور پشاور کے افتخار احمد کا عمدہ آل راؤنڈ کھیل تھا۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں پشاور نے کراچی وائٹس کو56 رنز سے شکست دیدی۔
پشاور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے ہیں۔عادل امین نے6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔افتخار احمد نے 72 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 143 رنز کا اضافہ کیا۔
کراچی وائٹس کی ٹیم 20 اوورز میں 130 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سہیل خان 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عماد عالم نے 32 رنز بنائے۔
افتخار احمد نے 17 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عمران نے بھی3 وکٹیں31 رنز دے کر حاصل کیں۔
افتخار احمد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں لاہور وائٹس نے لاہور بلوز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔
لاہور بلوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔جنید علی چھ چوکوں کی مدد سے 34 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔محمد نوید نے36 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور وائٹس نے 19.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔طیب طاہر نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے67 رنز اسکور کیےاور آؤٹ نہیں ہوئے۔عمران ڈوگر نے5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے45 رنز اسکور کیے۔عمید آصف نے 26رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
طیب طاہر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے فاٹا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
فاٹا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ سلمان خان نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے83 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔زمان خان نے 25رنز دے کر3 و کٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی نے یاسرِخان کی سنچری کی بدولت 18.2اوورز میں3 وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا یاسر خان نے8 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے107 رنز بنائے۔ عمرامین نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے48 رنز بنائے۔ یاسرخان کو ان کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 

 

error: Content is protected !!