نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سپر 8: لاہور وائٹس، ایبٹ آباد اور پشاور کی کامیابی
محمد فائق کی سنچری ، ریحان آفریدی کے 90 ناٹ آؤٹ
کراچی 8 دسمبر، 2023:ء
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر 8 مرحلے میں جمعہ کے روز کھیلے گئے میچز میں لاہور وائٹس، ایبٹ آباد اور پشاور نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
واضح رہے کہ پشاور، ایبٹ آباد، کراچی وائٹس اور راولپنڈی کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہیں۔ آج کا آخری میچ کراچی وائٹس اور راولپنڈی کے درمیان نیشنل بینک اسٹیڈیم میں رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں لاہور وائٹس نے سیالکوٹ کو 30 رنز سے ہرادیا۔
لاہور وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
محمد فائق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 16 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے110 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔عمران ڈوگر نے 35 رنز اسکور کیے۔
جواب میں سیالکوٹ کی ٹیم 18.2 اوورز میں 159 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔شعیب ملک نے33 گیندوں پر64 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔محمد عرفان نے 26 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد فائق کو شاندار سنچری پر پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایبٹ آباد نے لاہور بلوز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔
لاہور بلوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6 وکٹوں پر171 رنز بنائے۔جنید علی44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔قاسم اکرم نے40 اور رضوان حسین نے 36 رنز اسکور کیے۔عاقب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایبٹ آباد نے مطلوبہ اسکور 19.5 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کامران غلام نے 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے69 رنز اسکور کیے۔سجاد علی نے 60 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ نثار احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
کامران غلام پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پشاور نے فاٹا کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
یہ سپر 8 میں پشاور کی ساتویں کامیابی ہے۔
فاٹا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں پر 180 رنز بنائے۔ریحان آفریدی نے 56گیندوں پر90 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔کاشف نور نے 32 رنز بنائے۔
پشاور نے 19.4 اوورز میں چار وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
صاحبزادہ فرحان نے 40گیندوں پر 74 رنز بنائے جس میں 7چوکے اور5 چھکے شامل تھے۔افتخار احمد نے2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے45 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔خوشدل شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔