دبئی۔(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقہ کا دوسرا نمبر برقرار ہے، نیوزی لینڈ نے ایک درجہ ترقی پا کر آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی، کینگروز ٹیم تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی، پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ منگل کو آئی سی سی نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچز ختم ہونے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بھارتی ٹیم 121 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دی جس کی وجہ سے اس کے ریٹنگ پوائنٹس میں دو پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے لیکن وہ 117 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہی موجود رہی، شکست خوردہ آسٹریلوی ٹیم تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی، نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے ہرایا جس کے بعد اس کے ریٹنگ پوائنٹس میں بھی دو پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور اس نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ کینگروز کی جگہ تیسری پوزیشن سنبھال لی، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔