لاہور ( سپورٹس لنک رپورٹ) ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم مسلسل اچھی کارکردگی کے باوجود نظر انداز ہونے پر جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔ذرائع کے مطابق اتوار کی دوپہر لاہور میں جب چیف سلیکٹر نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا تو قومی اکیڈمی کے ایک کمرے میں موجود فواد عالم مسلسل اچھی کارکردگی کے باوجود نظر انداز ہونے پر جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فواد عالم سے اپنے خلاف ہونے والی ناانصافی برداشت نہ ہوسکی،اسی دوران پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، فواد عالم کے کمرے میں داخل ہوئے انہوں نے فواد عالم کو روتے ہوئے دیکھا تو وہ بھی آبدیدہ ہوگئے اور انہوں نے فواد عالم کو گلے لگا کر دلاسا دیا۔2014ء میں فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی ایسی ہی صورتحال سے دوچار تھے جب وقار یونس نے کوچ کی حیثیت سے انہیں زمبابوے جانے والی ٹیم سے ڈراپ کیا تھا تو وہاب ریاض بھی جذباتی ہو کر رو پڑے تھے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں وہاب ریاض یا فواد عالم کے خلاف ہوں، بعض فیصلے سخت ضرور دکھائی دیتے ہیں لیکن وقت آنے پر پتہ چلے گا کہ ہماری نیت کس قدر صاف ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں پر نہ دروازے بند ہوئے ہیں اور نہ ان کا کیریئر ختم ہوا ہے، اگلی سیریز میں یقینی طور پر فواد عالم اور وہاب ریاض کی سلیکشن پر غور کیا جائے گا۔حد درجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں فواد عالم کو پاکستان ٹیم میں جگہ ملنے کے امکانات روشن ہیں، کیمپ کے خاتمے پر انہیں یہ کہہ کر گھر رخصت کیا گیا کہ وہ دلبرداشتہ نہ ہوں۔