ڈیرہ اسماعیل خان(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام انڈر23خیبر پختونخوا گیمز2018 کے سلسلے میں گزشتہ روزڈی آئی خان ریجن میں خواتین کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے پروقار ورنگارنگ تقریب میں شروع ہوگئے جس میں بنوں‘ٹانک اور لکی مروت سے پانچ سو سے زائد کھلاڑی تیرہ مختلف گیمز میں شرکت کررہی ہیں گیمز کا باضابطہ افتتاح کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان غفور بیگ نے کیا ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر نعمان افضل آفریدی ‘اسسٹنٹ کمشنر فہید اللہ ،ڈائریکٹریس سپورٹس خیبرپختونخوا رشیدہ غزنوی ‘ڈی ایس او ڈیرہ رضی اللہ بیٹنی‘انور کمال برکی ‘ڈی ایس او ہنگو محمد نوید‘آرگنائزنگ سیکرٹری حامد علی ‘ایڈمن آفیسر جعفر شاہ‘، ڈی ایس او کاشف فرحان اور ڈی ایس او بنوں امیر زاہد شاہ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ‘ملی نغمے ‘قومی ترانہ پیش کیا گیا ‘تمام ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا ‘بینڈ نے خوبصورت دھنیں پیش کیں ‘پی ٹی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ‘ویلکم سانگ پیش کیا گیا ‘ افتتاحی روز رسہ کشی کے مقابلوں میں ڈیرہ اسماعیل خان نے ٹانک کو صفر کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دی‘میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی نے کہا کہ انڈر23 گیمز خواتین کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں میں تیرہ مختلف گیمز شامل ہیں جن میں ہاکی ، بیڈمنٹن ، سکواش ، والی بال ، باسکٹ بال ، جوڈو ، کرکٹ ، نیٹ بال ، ہینڈ بال ،ایتھلیٹکس اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں‘ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں جاری ان گیمز کے بعد انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا مرحلہ ختم ہوجائے گا جس کے بعد انٹر ڈویژنل مقابلوں میں پانچ مئی سے مقابلے پشاور میں منعقد ہوں گے جس کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں‘کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان غفور بیگ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے‘ تحصیل کی سطح کے گراؤنڈز مکمل ہوچکے ہیں جس سے نوجوانوں کو آگے آنے میں بھرپور مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ انڈر23 گیمز میں بارہ ہزار کھلاڑیوں کو مواقع اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں‘انٹر ڈویژن کے فائنل مقابلوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو تعلیمی سکالر شپ دیئے جائینگے ۔
افتتاحی تقریب کی مزید تصاویر پیکچر گیلری میں دیکھیں