
آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خواتین کرکٹ کے عالمی مقابلے کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ویمنز ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا کے پانچ شہروں میں کھیلا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز بنگلورو، اندور، گوہاٹی، وشاکھا پٹنم اور کولمبو میں منعقد کیے جائیں گے، جہاں دنیا کی آٹھ بہترین ویمن ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گوہاٹی یا کولمبو میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو بنگلورو میں شیڈول ہے۔ فائنل معرکہ 2 نومبر کو ہوگا، جس کے لیے بنگلورو اور کولمبو دونوں شہروں کو ممکنہ میزبان قرار دیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی پاکستانی خواتین ٹیم اپنے تمام گروپ میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔ اگر قومی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو ان کا ناک آؤٹ مقابلہ کولمبو میں ہی ہوگا۔
یہ ایونٹ نہ صرف خواتین کرکٹ کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ برصغیر میں کھیل کے شائقین کو بھی بھرپور تفریح فراہم کرے گا۔



