پاک فضائیہ کے سربراہ کی ایشین جونئیرچیمپیئنزکو مبارکباد


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پاکستانی سکواش پلئیرز کو ملک کے لئے اعزاز جیتنے پر مبارکباددی جوکہ ایشین جونئیر انفرادی سکوا ش چیمپئین شپ میں تین گولڈ اور ایک سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ ان پاکستانی سکواش پلئیرز نے پچھلے ماہ چنائی (بھارت) میں ہونے والی ایشین جونئیر انفرادی سکواش چیمپئین شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ حمزہ خان،حارث قاسم اور عباس زیب نے بالترتیب انڈر15،انڈر17اورانڈر19 میں سونے کے تمغے جیتے جبکہ انس علی نے انڈر13میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔


پاک فضائیہ کے سربراہ جوکہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، نے نوجوان کھلاڑیوںکو پاکستان سکواش کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مزید محنت کرنی چاہیے تاکہ وہ ورلڈ جونئیر اوپن میں بہترین کارکردگی دکھاسکیں۔ انہوں نے ان نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین ٹریننگ اور کوچنگ فراہم کرنے پر پاکستان سکواش فیڈریشن کی کاوشوںکو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ اورپاکستان سکواش فیڈریشن نوجوان کھلاڑیوںکو ہر ممکن معاونت فراہم کرتی رہے گی تا کہ وہ سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکیں۔ ائیر مارشل شاہد اختر علوی ،سنئیرنائب صدر پاکستان سکواش فیڈریشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

error: Content is protected !!