خیبرپختونخوا کے تمام باصلاحیت کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا، اسفندیارخٹک

پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ))ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختون خوا اسفند یار خٹک نے کہاہے کہ صوبائی حکومت ایک فنڈ قائم کر رہی ہے جس کے تحت باصلاحیت کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا تاکہ وہ کسی بھی محکمہ سے توقعات وابستہ کئے بغیر اپنے صوبے کے لئے کھیلیں اور کامیابیاں حاصل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ سپورٹس جرنلسٹس کے بیس رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔وفد کی قیادت سندھ سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد اصغر عظیم کر رہے تھے۔ وفد میں پاکستان کے مختلف ٹیلی وژن چینلز اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے سپورٹس جرنلسٹس شامل تھے۔پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر اور ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔اسفند یار خٹک نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ دئیے جانے کا اقدام ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہو گا جس سے صوبائی سطح پر کھلاڑیوں کو اپنے صوبے کی نمائندگی کا موقع ملے گا اور مختلف محکموں کی نمائندگی کی بجائے وہ اپنے صوبے کے لئے کھیلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ نے پہلے ہی قومی کھیلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو دو لاکھ روپے، سلور میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے جبکہ کانسی کا تمغہ جیتنے والوں کے لئے پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے پیش نظر انہیں یقین ہے کہ خیبر پختون خوا کے کھلاڑی قومی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے صوبے کا نام روشن کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میںاسفندیار خٹک نے کہا کہ قومی کھیلوں کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور صوبائی حکومت نے ان کھیلوں کو یادگار بنانے کے لئے 18 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔قومی کھیل بعض ناگزیز وجوہات کی بناء پر اب دس سے سولہ نومبر تک پشاور میں کھیلے جائیں گے ۔وزیر اعظم عمران خان کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کریں گے جبکہ صدر مملکت عارف علوی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہقیوم سپورٹس کمپلیکس میںنصب ٹارٹن ٹریک کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی گئی ہے جس کے بعد اب اتھلیٹکس مقابلے اسی ٹارٹن ٹریک پر ہوں گے اور انہیں یقین ہے کہ اتھلیٹس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمغوں کے حصول کی جنگ لڑیں گے۔اسفند یار خٹک سے سیکورٹی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ تمام سیکورٹی اداروں نے ملک بھر سے آنے والے دس ہزار کے لگ بھگ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بار ان کھیلوں کو سیاحت سے بھی جوڑا گیا ہے تاکہ کھیلوں کے حوالے سے اگر صوبے سے سافٹ پیغام دنیا بھر میں جائے وہیں ہم سیاحوں کو بھی صوبے کے قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں کی سیر کے لئے راغب کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی سینئر وزیر عاطف خان بھی قومی کھیلوں کے انعقاد میں گہری دل چسپی لے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے ساری حکومتی مشینری قومی کھیلوں کے شاندار انعقاد کے لئے سرگرم ہے۔اسفندیار خٹک نے یقین ظاہر کیا کہ ملک بھر سے آنے والے سپورٹس جرنلسٹس بھی قومی کھیلوں کی بہترین کوریج کریں گے کیونکہ انتظامیہ نے کوریج کے لئے تمام ممکنہ سہیولتوں کی فراہمی بھی ممکن بنا دی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی قومی کھیلوں کی کوریج کا انتظام کیا گیا ہے۔

error: Content is protected !!