کرکٹ

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کے ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کے ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے اختتام کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نظریں اب ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز پر مرکوز ہو گئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں فارمیٹس کے لیے اسکواڈز کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

ون ڈے سیریز میں محمد رضوان کو بدستور قومی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جب کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کپتانی کی ذمہ داری نوجوان آل راؤنڈر سلمان علی آغا کے سپرد کی گئی ہے۔

سابق کپتان بابر اعظم کو ون ڈے اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی دونوں فارمیٹس میں ایک بار پھر قومی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لارڈہل میں کھیلی جائے گی،

جس کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف، فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، صائم ایوب، ابرار احمد، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث اور سفیان مقیم کو شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں کپتان محمد رضوان کے ساتھ نائب کپتان سلمان علی آغا، بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، صائم ایوب، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، ابرار احمد، محمد حارث اور سفیان مقیم ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

قومی اسکواڈ 27 جولائی کو دو گروپس کی صورت میں امریکہ روانہ ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 31 جولائی، 2 اور 3 اگست کو لارڈہل کیلیفورنیا میں کھیلے جائیں گے، جب کہ ون ڈے سیریز کے میچز ویسٹ انڈیز کے ہوم گراؤنڈز پر 8، 10 اور 12 اگست کو شیڈول ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!