
سپر ایٹس گروپ ٹو کے 49ویں میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سپر ایٹ مرحلے کے نویں میچ میں انگلینڈ نے وِل جیکس اور ریحان احمد کی شاندار شراکت کی بدولت نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کولمبو میں کھیلے گئے ایونٹ کے 49 ویں میچ میں انگلینڈ نے 160 رنز کا تعاقب آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر کیا۔ ول جیکس اور ریحان احمد کی 16 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار شراکت نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس اور ریحان احمد 32 اور 19 رنز بالترتیب ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔
دیگر بلے بازوں میں ٹام بینٹن 33، کپتان ہیری بروک 26، سیم کرن 24، فل سالٹ 2 اور جوس بٹلر 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے رچِن رویندرا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور گلین فلپس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔
کیویز کی جانب سے گلین فلپس 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹِم سائفرٹ 35، فِن ایلن 29، مارک چیپمن 15، کول مکونکی 14، رچِن رویندرا 11 اور ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان مچل سینٹنر 9 اور میٹ ہینری 1 کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
انگلینڈ کی جانب سے وِل جیکس، عادل راشد اور ریحان احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ لیام ڈاسن نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کی اہمیت اس اعتبار سے بھی بڑھ گئی ہے کہ اس کے نتیجے کا اثر سیمی فائنل کی دوڑ پر پڑے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم 2 فتوحات کے ساتھ پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے، تاہم آج کی کامیابی پاکستان کے لیے امید کی کرن ثابت ہوئی ہے۔
پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے دو میچوں کے بعد ایک پوائنٹ ہے اور اسے سپر ایٹ مرحلے کا آخری میچ سری لنکا قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلنا ہے۔
اس میچ میں کامیابی اور بہتر رن ریٹ کی صورت میں پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتا ہے، تاہم یہ سب اسی صورت ممکن ہوگا جب آج انگلینڈ نیوزی لینڈ کو شکست دے۔



