
ساوتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ، خیبرپختونخوا کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی
پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) اسلام آباد میںجاری ساوتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کھلاڑیوںنے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف کیٹیگریز کے فائنلز تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد عمر نے انڈر 19 سنگلز اور ڈبلز میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ حسنین خان نے انڈر 16 سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے فائنلز میں جگہ بنا لی ہے۔ اسی طرح فہد احمد نے مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔
دریں اثناء خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے عمر جہانگیر نے مکسڈ ٹیم ایونٹ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔
اس کامیابی کے پیچھے خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا بیڈمنٹن اکیڈمی کے کوچ حیات اللہ کی انتھک محنت شامل ہے،
جنہوں نے کھلاڑیوں کو بہترین تربیت فراہم کی۔صوبائی بیڈمنٹن حلقوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی کھلاڑی فائنلز میں بھی کامیابی حاصل کر کے پاکستان کے لیے مزید اعزازات جیتیں گے۔



