
پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کا اویس شہزاد کو ہمارے ہیروز ایوارڈ ملنے پر مبارکباد
پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ کا پانچ سال کی عمر سے کینسر جیسے موذی مرض سے لڑنے والے چائلڈ اسٹار رپورٹر کو ہمارا ہیرو قرار دینا قابل ستائش اقدام ہے، امجد عزیز ملک
کینسر جیسے مرض کو شکست دیکر دوسروں کو اس مرض سے لڑنے کے لئے تیار کرنے والے چائلڈ اسٹار رپورٹر "اویس دھوپ میں سایہ ہے دیپک ہے اندھیروں میں۔۔۔ ہے نور امیدوں کا تاریک سویروں میں” اصغر عظیم
کراچی/پشاور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک و سیکریٹری جنرل اصغر عظیم سمیت تمام عہدیداروں نے سجاس کے ممبر ندیم شہزاد کے بہادر اور نڈر چائلڈ اسٹار رپورٹر اویس شہزاد کو پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے 20 ویں میچ کے دوران نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں "ہمارے ہیروز” ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے،
امجد عزیز ملک کا کہنا ہے کہ صرف پانچ سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہونے والے اویس شہزاد نے جس طرح اس مرض کوشکست دی وہ ہم سب کے لئے ایک مثبت پیغام ہے،
اویس شہزاد اور ان کے والد ندیم شہزاد کینسر کے مرض کا شکار بچوں اور ان کے والدین کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، اویس شہزاد اب اس مرض کے شکار دیگر بچوں اور ان کے والدین کو کینسر سے لڑنا سیکھا رہے ہیں،
پی ایس ڈبلیو ایف کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم کا کہنا ہے کہ اویس شہزاد کو ہمارے ہیروز ایوارڈ کے لئے منتخب کر کے پی ایس ایل انتظامیہ نے ہمارے ہیروز ایوارڈ کو ہم سب کے لئے ایک یاد گار بنادیا ہے،
اویس شہزاد زندگی کے اندھیروں میں مایوس لوگوں کے لئے ایک امید کی کرن ہیں، ایک پانچ سال کے بچے کو کینسر کے بارے میں کچھ نہیں معلوم ہوتا لیکن اویس شہزاد نے پانچ اس عمر میں نہ صرف اس مرض سے لڑنا شروع کیا
بلکہ اس مرض کا شکار ہونے والے دوسرے بچوں اور ان کے والدین کو جینے کی امید دلا نے کے مشن کا بھی آغاز کیا، اویس کے والدین خاص کر والد ندیم شہزاد جس طرح قدم سے قدم ملا کر اس کے ساتھ کھڑے رہے
وہ بھی قابل ستائش ہے، ہم سمجھتے ہیں اویس شہزاد ہم سب کا حقیقی ہیرو ہے، چائلڈ اسٹار رپورٹر اویس شہزاد کو ہمارا ہیرو ایوارڈ وصول کرتے دیکھ کر احساس ہوا کہ ” اویس دھوپ میں سایہ ہے دیپک ہے اندھیروں میں۔۔۔ ہے نور امیدوں کا تاریک سویروں میں۔۔۔۔۔



