
گلوبل سپر لیگ 2026: لاہور قلندرز کا فاتحانہ آغاز، پرتھ سکارچرز الیون کو 16 رنز سے شکست
گیانا: ایکسن موبل گلوبل سپر لیگ (GSL) 2026 کے افتتاحی معرکے میں لاہور قلندرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرتھ سکارچرز الیون کو 16 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔
پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پرتھ سکارچرز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
اوپنر شایان جہانگیر نے 45 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی،
جبکہ پاکستان انڈر-19 کے کپتان فرحان یوسف نے محض 23 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 50 رنز کی جارحانہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر مجموعہ 170 سے پار پہنچایا۔
فرحان یوسف کو اس میچ وننگ کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔ پرتھ سکارچرز کی جانب سے جھائے رچرڈسن 37 رنز دے کر 3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں باؤلر رہے۔
172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پرتھ سکارچرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 155 رنز ہی بنا سکی۔ عثمان خان نے 32 گیندوں پر 41 اور اینڈرے فلیچر نے 22 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے محمد عمران نے انتہائی معاشی اور نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں محض 18 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ اسپنر اسامہ میر نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،
جبکہ علی شبیر اور کپتان مائیکل بریسویل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ اس کامیابی کے ساتھ لاہور قلندرز نے ایونٹ میں اپنے سفر کا شاندار آغاز کر دیا ہے، جہاں ان کا اگلا مقابلہ ڈیرٹ وائپرز سے ہوگا۔



