کرکٹ

بابر اعظم نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا.

بابر اعظم نے چار اننگز میں مجموعی طور پر 193 رنز اسکور کیے اور 96.50 کی شاندار اوسط کے ساتھ دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔

بابر اعظم نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا،

ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار بیٹنگ، پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اور پھر ایک ایسا ریکارڈ جس نے بابر اعظم کو عمران خان کے برابر لا کھڑا کیا، اتنا ہی نہیں، بابر نے آسٹریلیا کے عظیم کپتان اسٹیو وا کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

پاکستانی ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف قومی ٹیم کو سیریز برابر کرانے میں اہم کردار ادا کیا

بلکہ سابق کپتان عمران خان کا ایک تاریخی ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ بابر کو عمدہ بیٹنگ پر ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کی، جبکہ اس کامیابی میں کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ مرکزی حیثیت اختیار کر گئی۔

بابر اعظم نے پوری سیریز میں شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے چار اننگز میں مجموعی طور پر 193 رنز اسکور کیے اور 96.50 کی شاندار اوسط کے ساتھ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔

پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بابر 23 رنز بنا سکے، تاہم دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی 88 رنز کی اہم اننگز نے پاکستان کو 43 رنز کی قیمتی برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا،

جبکہ میچ کی آخری اننگز میں انہوں نے صرف 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے، جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے، اور پاکستان نے 75 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔

سیریز میں غیر معمولی کارکردگی پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ جسٹن گریوز نے چار اننگز میں 111 رنز بنانے کے ساتھ سات وکٹیں بھی حاصل کیں۔

یہ اعزاز بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ ہے، جبکہ بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر یہ ان کا دسواں پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ ہے۔

اس سے قبل وہ پانچ مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور چار مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔

اس کامیابی کے ساتھ بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا عمران خان اور وسیم اکرم کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا،

جبکہ اس فہرست میں وقار یونس نو ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔بابر اعظم نے بطور ٹیسٹ کپتان ایک اور اہم سنگِ مِیل بھی عبور کیا۔ بیرونِ ملک بطور کپتان یہ ان کی نویں کامیابی تھی،

جس کے ساتھ انہوں نے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو وا کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا اور کم از کم 12 ٹیسٹ میچوں کی قیادت کرنے والے کپتانوں میں بہترین بیرونِ ملک کامیابیوں کے تناسب کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیاب سیریز بابر اعظم کے لیے کئی حوالوں سے یادگار ثابت ہوئی، جہاں انہوں نے نہ صرف اپنی ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا بلکہ پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!