کرکٹ

جوزبٹلر ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے.

، پولارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا

جوزبٹلر ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، پولارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا

انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر جوس بٹلر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔جس ریکارڈ کو برسوں تک ناقابلِ شکست سمجھا جاتا رہا، وہ آخرکار ٹوٹ گیا۔

انگلینڈ کے جارح مزاج بیٹر جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

جوز بٹلر نے یہ تاریخی کارنامہ دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں انجام دیا، جہاں انہوں نے مانچسٹر سپر جائنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے ویلش فائر کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

بٹلر نے صرف 20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 51 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں چھ چھکے شامل تھے، اور اپنی ٹیم کو 156 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس اننگز کے دوران جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کیرون پولارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 14 ہزار 833 رنز مکمل کر لیے ہیں،

جبکہ پولارڈ 14 ہزار 803 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔جوز بٹلر نے یہ اعزاز 492 اننگز میں حاصل کیا، جبکہ کیرون پولارڈ نے 663 اننگز میں 14 ہزار 803 رنز بنائے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج بیٹر کرس گیل 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ انگلینڈ کے جیمز وینس 14 ہزار 449 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز آل راؤنڈر شعیب ملک کے پاس ہے، جنہوں نے 557 میچز میں 13 ہزار 571 رنز اسکور کیے ہیں۔

واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ کے میچز کے اعداد و شمار بھی ٹی ٹوئنٹی ریکارڈز میں شامل کیے جاتے ہیں کیونکہ اس فارمیٹ کی ایک اننگز 20 اوورز کے برابر تصور کی جاتی ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جوز بٹلر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی بننا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں حالات تیزی سے بدلتے ہیں، چند ماہ قبل وہ خراب فارم سے گزر رہے تھے

لیکن محنت اور اعتماد کے ذریعے دوبارہ بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے۔جوز بٹلر کی شاندار واپسی نے انہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا ریکارڈ ہولڈر بنا دیا، جہاں انہوں نے پولارڈ، گیل اور دیگر بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ کر تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!