شہیدبے نظیر بھٹو آئی ٹی ایف فیوچرز انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ 16 دسمبر سے اسلام آباد ٹینس کورٹ، اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ گذشتہ روز ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلیٰ سینیٹر تاج حیدر نے سینیٹر فرحت اللہ بابر اور فضل سبحان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، مین رائونڈ 18 دسمبر سے شروع ہوگا اور بلاول بھٹو زرداری ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے جبکہ 24 دسمبر کو ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب ہوگی جس کی مہمان خصوصی آصفہ بھٹو زرداری ہونگی، ٹورنامنٹ میں 15 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، اس سے قبل دو ٹورنامنٹس کا کامیاب انعقاد ہو چکا ہے، اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں بارہ ممالک کے 24 غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیںگے، سندھ حکومت نے 35 لاکھ روپے کے فنڈ ز ٹورنامنٹ کے لئے مختص کئے ہیں اور پاکستان میں اس سطح کا ٹورنامنٹ اپنی نوعیت کا اہم ٹورنامنٹ ہوگا۔ اس موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کی اپنی اہمیت ہے اور پاکستان میں امن کو فروغ دینے کے لئے انٹرنیشنل سپورٹس اور ثقافتی مقابلے ہو رہے ہیں،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جان دی، انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام سے ٹورنامنٹ کا انعقاد اہم ثابت ہوگا اور ٹینس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو ایک واضح پیغام جائے گا،انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سپورٹس فورم کے ذریعے بھی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں اور بے نظیر شہید بھٹو کا مشن جار ی رکھیں گے۔