ٹی 10 لیگ کا آغاز ہوگیا

شارجہ: کرکٹ کی تاریخ کے نئے فارمیٹ ٹی 10 لیگ کا آغاز ہوگیا، اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا جوش و خروش دیدنی ہے جبکہ ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی تاریخ ایک اور نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹی 10 لیگ میں داخل ہوگئی، شارجہ اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی میچز میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ناحیان بن النحیان نے خطاب کرتے ہوئے لیگ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی جبکہ اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ’لوگوں نے مشکلات کھڑی کرنے کی کوششیں کیں مگر ہم آج یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے بس اب دس کا نعرہ بھی لگایا۔
ٹی 10 لیگ کی ہر ٹیم میں ہے دنیا بھر کے نامور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، سرفراز احمد بنگال ٹائگرز کی کپتانی کریں گے تو شاہد خان آفریدی ٹیم پختونز کی سربراہی کریں گے۔

بنگال ٹائیگرز میں سرفراز احمد ، ڈیرن سیمی، براوو شامل ہیں جبکہ کیرالہ کنگز کی سربراہی انگلش کپتان کے پاس ہے اور اس ٹیم میں پاکستانی فاسٹ باؤلر سہیل تنویر ، وہاب ریاض کے علاوہ دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

ایونٹ میں حصہ لینے والی مراٹھا عربینز کی سربراہی سابق بھارتی کپتان وریندر سہواگ کررہے ہیں جبکہ اس ٹیم میں پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ باؤلر محمد عامر بھی شامل ہیں۔

پختونز کی ٹیم کی کمان شاہد آفریدی کے پاس ہے جبکہ اس میں فخر زمان اور تمیم اقبال سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں جبکہ پنجابی لینجنڈز کی کپتانی شعیب ملک کررہے ہیں۔

ٹی 10 لیگ میں دیگر پاکستانی کھلاڑی عمر اکمل، مصباح الحق، فہیم اشرف اور حسن علی مختلف ٹیموں سے کھیلیں گے جبکہ سری لنکا کے دنیش چندی مل اور موناویرا بھی اپنا کھیل پیش کریں گے۔

خیال رہے کہ دس اوورز پر مشتمل کرکٹ میچ کا دورانیہ 90 منٹ ہے جس میں ایک باؤلر کو زیادہ سے زیادہ 2 اوورز کروانے کی اجازت ہے، ایونٹ میں سب سے بڑا امتحان بولرز کا ہی ہے کیونکہ بلے باز چوکوں اور چھکوں کی برسات کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔

لیگ میں حصہ لینے والے بولرز رنز بچانے کے بجانے وکٹیں اُڑانے کو ترجیح دیں گے جبکہ فیلڈرز نے بھی باؤنڈریز پر کیچ پکڑنے اور پچ کے درمیان بھاگتے بلے بازوں کو رن آؤٹ کرنے کی خصوصی مشق کررکھی ہے، ٹی 10 کا دنگل دھواں دار اور جوش و ولولے سے بھرپور ہوگا ۔

تعارف: newseditor