پہلا چار روز تاریخی ٹیسٹ،سٹین اور ڈی ویلیئرز

جوہانسبرگ: کرکٹ جنوبی افریقہ کی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے چار روزہ ٹیسٹ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا جس میں اے بی ڈی ویلیئرز، ڈیل اسٹین، ورنن فلینڈر اور مورنے مورکل کی انجریز سے نجات پانے کے بعد دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان واحد چار روزہ ٹیسٹ 26 دسمبر سے پورٹ الزبتھ میں شروع ہو گا جو کرکٹ کی تاریخ کا پہلا چار روزہ ٹیسٹ میچ ہو گا۔

ڈی ویلیئرز نے آخری بار جنوری 2016 میں ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی جبکہ اسٹین گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور انہیں بھی ٹیم سے دور ہوئے ایک سال ہو گیا ہے۔

اکتوبر میں سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہونے والے مورنے مورکل ٹیم میں کم بیک کرنے میں کامیاب رہے جبکہ سیاہ فارم فاسٹ باؤلر ورنن فلینڈر دورہ انگلینڈ کے دوران کمر کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور فٹنس کے حصول کے بعد ان کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ کندھے کی انجری کا شکار کپتان فاف ڈویپلیسی سرجری کے بعد بحالی صحت کے آخری مرحلے سے گزر رہے ہیں اور انہیں بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے البتہ کرس مورس ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

سلیکٹرز کا کہنا ہے کہ چاروں کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہو گئے ہیں اور ہم ٹیم میں واپسی پر سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

اعلان کردہ اسکواڈ کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملا، ٹیمبا باووما، کوئنٹن ڈی کوک، تھیونس ڈی براؤن، اے بی ڈی ویلیئرز، ڈین ایلگر، کیشپ مہاراج، ایڈن مرکرم، مورنے مورکل، اینڈائل پھلکوایو، ورنن فلینڈر، کگیسو ربادا اور ڈیل اسٹین پر مشتمل ہے۔

تعارف: newseditor