ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کا کہنا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ پاکستان ٹیم کیلئے چیلنجز سے بھرپور ہوگا تاہم امید ہے کہ ٹیم فتوحات کا تسلسل برقرار رکھے گی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ نیوزی لینڈ ہمیشہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر اچھا کھیل پیش کرتی ہے لیکن پاکستان ٹیم کی محدود اوورز میں حالیہ کارکردگی اچھی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ گرین شرٹس اپنی اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اظہر علی نے کہا کہ وہ بحالی نو کے عمل سے گزرنے کے بعد کافی بہتر محسوس کررہے ہیں اور پرامید ہیں کہ نیوزی لینڈ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں اظہر علی نے کہا کہ وہ میچ کی صورتحال کے حساب سے اسٹروکس کھیلتے ہیں، ضروری نہیں کہ ہر بار اونچے شاٹس کھیلے جائیں۔
دورہ نیوزی لینڈ کیلیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں اظہر بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، رومان رئیس، عامر یامین، حسن علی، محمد عامر، فخر زمان، بابر اعظم اور امام الحق، حارث سہیل اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم تین روزہ مختصر کیمپ کے بعد 27 دسمبر کو لاہور سے آکلینڈ کے لیے روانہ ہو گی جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، دورے کا باقاعدہ آغاز 6 جنوری سے ہو گا۔