بھارت نے سری لنکا کو آخری ٹی ٹونٹی میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا۔ وانکھیڈے سٹیڈیم ممبئی پر کھیلے گئے میچ میں میزبان کپتان روہیت شرما نے ٹاس جیت کر بالنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔فاسٹ بالرز کی عمدہ کارکردگی کے سبب سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی ۔ سندیرا سمارا وکراما، اسیلا گونارتنے اور داسن شناکا کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین مخالف بالنگ لائن کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا۔ اسیلا گونارتنے 36، داسن شناکا 29 اور سمارا وکراما 21 رنز بنا کر میدان سے واپس لوٹ آئے ۔ کپتان تھیسارا پریرا، اپل تھرنا نے گیارہ ، گیارہ، کوشل پریرا چار ، دنشکا گونا تھیلاکا تین اور نروشن ڈکویلا نے ایک رن کا اضافہ کیا۔بھارت کی جانب سے جادیو اناڈکٹ اور ہردیک پانڈیا دو، دو وکٹیں لے کر کامیاب بالرز ثابت ہوئے ۔ واشنگٹن سندر، محمد سراج اور کلدیپ یادیو نے ایک ، ایک وکٹ کا بٹوارا کیا۔جواب میں بھارت نے آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 136رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کر کے نہ صرف سال کا اختتام تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ 37 فتوحات کے ساتھ کیا بلکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسری پوزیشن کو محفوظ بنا لیا۔منیش پانڈے 32 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹسمین رہے جبکہ شریاس ائیر 30 اور کپتان روہیت شرما 27 رنز بنا کر میدان سے رخصت ہوئے۔ دنیش کارتھک 18اور مہندر سنگھ دھونی نے 16رنز کی ناقابل شکست اننگز تخلیق کی۔ لوکیش راہول اور ہردیک پانڈیا کو چار ، چار رنز بنانے کی مہلت مل سکی۔ دشمنتھا چمیرا ،دا سن شناکا نے دو ، دو وکٹوں پر ہاتھ صاف کیا۔