قومی ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور بنانے والے یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ ٹیم جس طرز کی کرکٹ کھیل رہی ہے اسے جاری رکھے، بالخصوص گرین شرٹس نے چیمپئنز ٹرافی اور سری لنکا کے خلاف جس طرز کی کرکٹ کھیلی اسے جاری رکھنا چاہیے اور یہی چیز پاکستان کی کامیابی کے لیے اہم ثابت ہو گی۔
سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ہمیں مثبت کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے اور ہم نے ہمیشہ اسی طرز کی کرکٹ کھیل کر کامیابیاں حاصل کیں۔
یونس خان نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے اور ان لوگوں کی تنقید کا جواب دینے کا بہترین موقع ہے جو کہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم صرف اپنے گراؤنڈز میں اچھا پرفارم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ اپنے میدانوں میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں تو اسے شاذونادر ہی تسلیم کیا جاتا ہے لیکن جب انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آپ اچھا پرفارم کرتے ہیں تو اسے تسلیم کیا جاتا ہے، اس لیے دورہ نیوزی لینڈ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس کی قیادت بھی ایک نوجوان کھلاڑی کے ہاتھ میں ہے، چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد قومی کھلاڑیوں کا مورال بھی بلند ہے اور تمام لڑکے جیت کی صلاحیت رکھنے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں یونس خان کا کہنا تھا کہ یہ مناسب نہیں کہ دورہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ یا کسی بھی ایک ٹور کو کھلاڑیوں کے لیے امتحان یا چیلنج قرار دیا جائے کیونکہ اس طرح کی باتوں سے سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
یونس خان نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم اور کھلاڑیوں کی مکمل حمایت کرنی چاہیے تاکہ وہ ملک کے لیے بہت کچھ جیت کر لا سکیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوز لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ہو رہا ہے۔